ARTICLES

عمرہ کا طواف مکمل کئے بغیر نفلی طواف کرنا

استفتاء : کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ ایک شخص نے عمرہ کے طواف میں صرف تین پھیرے دیئے باقی چھوڑ دیئے ، دوسرے روز ایک مکمل نفلی طواف کیا اور تیسرے روز عمرہ کے بقیہ چار پھیرے دیئے اور سعی کی اور حلق کروایا، کیا اس کا عمرہ ادا ہو گیا یا نہیں ؟

جواب

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : صورت مسؤلہ میں اس کا عمرہ درست ہو گیا کیونکہ دوسرے روز کئے گئے نفلی طواف سے اس کے عمرہ کا طواف مکمل ہوا کیونکہ عمرہ کا طواف پہلے لازم ہو چکا تھا اور عمرہ کا طواف نفلی طواف سے قوی ہے ، چنانچہ علامہ رحمت اللہ سندھی حنفی لکھتے ہیں :

ولوطاف لعمرتہ ثلاثۃ اشواطٍ، ثم طاف للقدوم کذلک، فالا شواط التی طاف للقدوم محسوبۃ من طواف العمرۃ، فبقی علیہ للعمرۃ شوط واحد، فیکملہ (27)

یعنی، اگر عمرہ کا طواف تین چکر کیا پھر اسی طرح (یعنی تین چکر) طواف قدوم کیا، تو وہ چکر جو اس نے طواف قدوم کے لئے کئے وہ طواف عمرہ سے شمار کئے جائیں گے پس اس پر عمرہ کے طواف کا ایک چکر باقی رہا ہے جسے وہ پورا کرے گا۔ اس مسئلہ میں طواف قدوم کے پھیروں کو طواف عمرہ سے شمار کیا گیا، اس طرح یہاں طواف عمرہ کے بقیہ چکروں کو نفلی طواف سے پورا کیا جائے گا ۔ اور مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی حنفی متوفی 1174ھـــــ لکھتے ہیں کہ

اگر طواف کرد برائے عمرہ بعض اشواط وترک کرد بعض ازانہا بعد ازان طواف زیارت کرد ہفت شوط تمامہا تکمیل کردہ شود طواف عمرہ را ازطواف زیارت برابرست کہ متروک از طواف عمرہ قلیل باشد باکثیر زیرنکہ طواف عمرہ لازم شدہ است اولا پس ان اقوی باشد از طواف زیارت ازین حیثیت ہر چند کہ مستوی اند ہر دو درکیفیت (28)

یعنی، اگر عمرہ کا طواف چند چکر کیا اور اس سے چند چکر چھوڑ دیئے ، اس کے بعد سات چکر پورے طواف زیارت کیا تو طواف عمرہ کی تکمیل طواف زیارت سے کی جائے گی، برابر ہے کہ طواف عمرہ سے متروک قلیل ہو یا کثیر کیونکہ طواف عمرہ اولا لازم ہوا ہے پس وہ اس حیثیت سے طواف زیارت سے زیادہ قوی ہے ہر چند کہ دونوں کیفیت میں برابر ہیں ۔ اس مسئلہ میں عمرہ کے طواف کو طواف زیارت کے چکروں سے پورا کیا گیا اگرچہ دونوں فرض ہیں جب ایک فرض کی دوسرے فرض سے تکمیل درست ہوئی تو فرض کی نفل سے تکمیل بطریق اولیٰ درست ہو گی ۔ باقی رہا اس کا نفلی طواف تو اس نے اسے دو دنوں میں مکمل کیا دوسرے روز کئے گئے طواف کے سات چکروں میں سے چار تو عمرہ کے طواف میں شمار ہوئے تین باقی رہے پھر تیسرے روز اس نے طواف عمرہ کی نیت سے چار چکر دیئے تو اس سے اس کا نفلی طواف مکمل ہو گیا۔ اور وہ شخص عمرہ کے احرام میں نفلی طواف کرنے کی وجہ سے اسائت کرنے والا ہو گا۔

واللٰہ تعالی اعلم بالصواب

یوم الاثنین، 13 ذوالحجۃ 1433ھ، 29 اکتوبر 2012 م 832-F

حوالہ جات

27۔ لباب المناسک، باب انواع الاطوفۃ واحکامہا، فصل : فی تحقیق النیۃ، ص112

28۔ حیات القلوب زیارۃ المحبوب، باب سیوم دربیان طواف انواع ان،فصل دویم : در بیان شرائط صحت طواف،ص 117

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Back to top button