ARTICLESشرعی سوالات

کیا یومِ عرفہ ایام حج میں شامل ہے

استفتاء : ۔ حج کے مہینے شوال، ذوالقعدہ، اور ذوالحجہ ہیں ان میں ذوالحجہ کا پورا مہینہ ان میں شامل ہے یا اس کے کچھ دن ، اگر کچھ دن تو یوم نحر (دس ذی الحجہ) اِن میں شامل ہے یا نہیں ؟

جواب

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : علماء کا اس بات پر اجماع ہے کہ حج کے مہینے تین ہیں ،پہلا شوال، دوسرا ذوالقعدہ اور تیسرا ذوالحجہ ہے ، پھران کے مابین ذوالحجہ میں اختلاف ہے ، امام مالک کے نزدیک پورا مہینہ اَشْہُرِ حج میں شامل ہے اور احناف اور حنابلہ کے نزدیک ذو الحجہ کے دس دن اشہر حج میں شامل ہیں یعنی اَشْہُر ِحج کا آخری دن ذوالحجہ کی دسویں تاریخ ہے جسے یوم نحر کہتے ہیں جب کہ شوافع کے نزدیک یوم نحر اس میں داخل نہیں ، ان کے نزدیک دسویں تاریخ کی رات اَشْہُرِحج کی آخری ہے ۔ہماری دلیل نبی ا کا فرمان ہے کہ :

’’یَوْمُ الْحَجِّ الْأَکْبَرِ یَوْمُ النَّحْرِ‘‘ (رواہ أبو داؤد)

یعنی، یوم حج اکبر یوم نحر ہے ۔ اور یوم نحر میں حج کا ایک رُکن طوافِ زیارت اداکیا جاتا ہے اور اس کے علاوہ متعدد افعالِ حج اس دن میں ادا ہوتے ہیں جیسے جمرۂ عقبہ کی رمی، ذبح، حلق۔چنانچہ علامہ ابو الحسن علی بن ابی بکر مرغینانی متوفی 593ھ لکھتے ہیں :

و أما یوم النحر : فقد ذکر أبو بکر الرازی ما یدل علی أنہ من أشھر الحج (87)

یعنی، مگر یوم نحر تو امام ابو بکر رازی نے ذکر کیا جو اس پر دلالت کرتا ہے کہ یوم نحر اَشْہُرِ حج میں سے ہے ۔

واللّٰہ تعالی أعلم بالصواب

یوم الأربعاء، 29شوال المکرم 1427ھ،22نوفمبر 2006 م (223-F)

حوالہ جات

87۔ کتاب التجنیس و المزید، کتاب الحج، مسألۃ (1307)، 2/469

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Back to top button