استفتاء : ۔ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ ہم مدینہ شریف میں رہتے ہیں اور ہمیں حج کے لئے انا ہے ، ہمارا ارادہ ہے کہ ہم حج افراد کریں اور ہم نے حج کے مہینوں میں کوئی عمرہ نہیں کیا اور ہمارا وطن تو پاکستان ہے ہم مدینہ شریف میں کام کے سلسلے میں مقیم ہیں ، کیا ہم حج افراد کا احرام باندھ سکتے ہیں یا نہیں جب کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میقات کے باہر رہنے والے حج افراد نہیں کر سکتے ؟
(السائل : سید عبد الرحمن از مدینہ منورہ )
جواب
باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : حج افراد افاقی و غیر افاقی دونوں کر سکتے ہیں ، بعض عوام میں جو یہ مشہور ہے کہ افاقی حج افراد نہیں کر سکتا غلط ہے ، علامہ ابو منصور محمد بن مکرم بن شعبان کرمانی حنفی متوفی 593ھ لکھتے ہیں :
ثم الحج المفرد یتحقق من الافاقی و غیر الافاقی (229)
یعنی، پھر حج مفرد افاقی و غیر افاقی دونوں سے متحقق ہوتا ہے ۔ اور مخدوم محمد ہاشم بن عبد الغفور ٹھٹوی حنفی متوفی 1174ھ لکھتے ہیں :
جائز است افراد بحج یا عمرہ در حق مکی و افاقی و اما تمتع و قران پس این ہر دو وجہ منہی ست در حق مکی در مذہب حنفیہ نہ درحق افاقی (230)
یعنی، حج افراد اور عمرہ مفردہ مکی اور افاقی دونوں کے حق میں جائز ہے ، مگرحج تمتع اور قران پس یہ دونوں حنفی مذہب میں مکی (اور میقاتی) کے حق میں ممنوع ہیں نہ کہ افاقی کے حق میں ۔ علامہ نظام الدین حنفی متوفی 1161ھ اور علماء ہندکی ایک جماعت نے لکھا ہے کہ :
القران فی حق الافاقی افضل من التمتع و الافراد و التمتع فی حقہ افضل من الافراد ہذا ہو المذکور فی ’’ظاہر الروایۃ‘‘، ہکذا فی ’’المحیط‘‘ (231)
یعنی، افاقی کے حق میں قران حج تمتع اور افراد سے افضل ہے اور تمتع اس کے حق میں افراد سے افضل ہے ، ’’ظاہر الروایۃ‘‘ میں یہی مذکور ہے ، اسی طرح ’’محیط‘‘ (232) میں ہے ۔ اور علامہ عالم بن العلاء انصاری حنفی متوفی 786ھ لکھتے ہیں :
اعلم بان القران فی حق الافاقی افضل من التمتع و الافراد، … و التمتع فی حق الافاقی افضل من الافراد، و ہذا ہو المذکور فی ’’ظاہر روایۃ‘‘ اصحابنا، ملخصا (233)
یعنی، جان لے کہ حج قران افاقی کے حق میں تمتع اور افراد سے افضل ہے اور تمتع اس کے حق میں افراد سے افضل ہے اور ہمارے اصحاب کی ’’ظاہر روایت‘‘ سے یہی مذکور ہے ۔ ان عبارات سے معلوم ہوا کہ افاقی کے حق میں حج افراد جائز ہے ۔
واللٰہ تعالی اعلم بالصواب
یوم الاحد، 8 ذوالحجۃ 1431ھ، 14 نوفمبر 2010 م 686-F
حوالہ جات
229۔ المسالک فی المناسک، فصل بعد فصلٍ : فی صفۃ الحج المفرد، 1/371
230۔ حیات القلوب فی زیارت المحبوب، باب اول : در بیان احرام، فصل سیوم : دربیان انواع احرام، ص68
231۔ الفتاوی الہندیۃ، کتاب المناسک، الباب السابع : فی القران التمتع، 1/239
232۔ المحیط البرھانی، کتاب المناسک، الفصل التاسع : فی القارن، 3/456
233۔ الفتاوی التاتارخانیۃ، کتاب الحج، الفصل التاسع : فی القارن، 3/617