ARTICLESشرعی سوالات

کعبہ معظمہ پر پہلی نظر پڑے تو کونسی دعا مانگے ؟

استفتاء : ۔ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اِس مسئلہ میں کہ حج میں اہم دُعا کونسی ہے اور اہم ذکر کیا ہے کہ کعبہ معظمہ پر پہلی نظر پڑنے کے وقت مانگی جائے ؟

(السائل : محمد سلیم بن عبدالکریم از لبیک حج گروپ)

جواب

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : ایام حج میں مختلف مواقع پر مختلف دعائیں و اذکار منقول ہیں جو کُتُبِ احادیث و فقہ اور خصوصاً کُتُبِ مناسک میں مذکور ہیں لیکن فقہاء کرام نے کعبہ پر پہلی نظر پڑنے کے وقت بلا حساب طلبِ جنت اور حضور ﷺ پر درود کو اہم قرار دیا ہے ، چنانچہ علامہ سید محمد امین ابن عابدین شامی متوفی 1252ھ سے لکھتے ہیں :

و فی ’’الفتح‘‘ : من أھمّ الأدعیّۃِ طلبُ الجنّۃِ بلا حسابٍ و الصّلاۃُ علی النَّبِیِّ ﷺ ہنا مِن أہمِّ الأَذکارِ، کما ذَکَرہ الحلبیُّ فی ’’مناسکہ‘‘ اھ (70)

یعنی، فتح القدیر (71) میں ہے کہ دُعاؤں میں سے اہم دُعا بلا حساب جنت طلب کرنا ہے اور نبی ﷺ پر درود شریف بھیجنا یہاں اذکار میں سے اہم ذکر ہے جیسا کہ حلبی نے اپنی ’’مناسک‘‘ (72) میں اسے ذکر کیا ہے ۔

واللّٰہ تعالی أعلم بالصواب

یوم الجمعۃ، 23 ذو القعدہ 1429ھ، 21نوفمبر 2008 م 476-F

حوالہ جات

70۔ ردّ المحتار علی الدُّرِّ المختار، کتاب الحجّ، مطلب : فی دُخولِ مکّۃ، تحت قولہ : لئلا یقع نوع إلخ، 3/575

71۔ فتح القدیر، کتاب الحجّ، باب الإحرام، تحت قولہ : و محمد رَحِمَہُ اللہُ لم یعیّن فی ’’الأصل‘‘ إلخ، 2/325، و نہایۃ کلامہ عند قولہ : ’’بلا حسابٍ‘‘

72۔ امام شمس الدین ابو عبد اللہ محمد بن محمد بن محمد ابن الموقت جو ابن امیر حاج حلبی حنفی (ت879ھ) کے نام سے معروف ہیں مناسک حج کے بیان میں آپ کی کتاب کا نام ’’داعی منار البیان للنُّسُکَین بالقرآن‘‘ ہے جیسا کہ ’’کشف الظّنون‘‘ (2/1829) اور ’’الضوء اللاّمع‘‘ (9/210) میں ہے ۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Back to top button