استفتاء : ۔ کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ پہلی یا دوسری منزل سے طواف کرنے سے طواف ہو جائے گا یا نہیں ؟
(السائل : خرم عبدالقادر، مکہ مکرمہ)
جواب
باسمہ تعالی وتقدس الجواب : فقہاء کرام نے لکھا ہے کہ مسجد الحرام کی چھت پر سے طواف کرنا جائز ہے کیونکہ کعبہ کی فضاء بھی کعبہ ہے اگرچہ مردوں کے حق میں افضل یہی کہ کعبۃ اللہ کے قریب سے طواف کریں ، چنانچہ جواز کے بارے میں علامہ رحمت اللہ بن قاضی عبداللہ بن قاضی ابراہیم سندھی حنفی شرائط صحتِ طواف کے بیان میں لکھتے ہیں :
و فی المسجد و لو علی سطحہ (142)
یعنی، مسجد الحرام میں طواف درست ہے اگرچہ اس کی چھت پر سے ہو۔ اور مقام طواف کے بیان میں لکھتے ہیں :
و لو علی سطح المسجد و لو مرتفعاً عن البیت (143)
یعنی، طواف اگرچہ مسجد کی چھت سے ہو اگرچہ چھت بیت اللہ سے بلند ہو جائز ہے ۔ اس کے تحت مُلاّ علی قاری حنفی لکھتے ہیں :
أی من جُدْرانہ کما صرّح بہ صاحب الغایۃ (144)
یعنی، بیت اللہ شریف کی دیواروں سے بلند ہو جیسا کہ صاحب غایۃ البیان نے اس کی تصریح کی ہے ۔ اور مخدوم محمد ہاشم ٹھٹھوی حنفی متوفی 1174ھ لکھتے ہیں :
ہمچنیں جائز است کہ طواف کند بالائی سطح مسجد اگرچہ مرتفع باشد از کعبہ معظمہ (145)
یعنی، اسی طرح جائز ہے کہ مسجد کے اوپر چھت سے طواف کرے اگرچہ چھت کعبہ معظمہ سے بلند ہو۔ اور کعبہ کی فضا بھی کعبہ ہے کیونکہ کعبہ اُس خطۂ ارض کا نام ہے یہاں تک کہ معاذ اللہ کعبہ اگر منہدم ہو جائے تو اس کی طرف رُخ کر کے نماز پڑھنے سے نماز جائز ہو جاتی ہے ، چنانچہ مُلّا علی قاری حنفی متوفی 1014ھ لکھتے ہیں :
لأن حقیقۃ البیت ہو الفضاء الشامل لما فوق البناء من الہویٰ، و لذا صحت الصّلاۃ فوق جبل أبی قبیس إجماعاً حتی لو انہدم البیت نعوذ باللہ جاز الصّلاۃ إلی البقعۃ (146)
یعنی، کیونکہ بیت اللہ شریف کی حقیقت وہ فضاء ہے جو کعبہ معظمہ کی عمارت کے اوپر فضاء کو شامل ہے ، اسی لئے جبل ابی قبیس کے اوپر بالاجماع نماز جائز ہے یہاں تک کہ نعوذ باللہ کعبہ معظمہ منہدم ہو جائے تو اس بقعہ مقدسہ کی طرف نماز جائز ہے ۔ اور مردوں کے حق میں کعبہ معظمہ کا قُرب اور عورتوں کے لئے بُعد مستحب ہونے کے بارے میں علامہ رحمت اللہ سندھی حنفی لکھتے ہیں :
و أن یکون طوافہ قریباً من البیت و للمرأۃ البُعد (147)
یعنی، مرد کے لئے طواف میں بیت اللہ کے قریب ہونا اور عورت کے لئے دُور ہونا مستحب ہے ۔
واللّٰہ تعالی أعلم بالصواب
یوم السبت، 13ذی الحجۃ 1428ھ، 22دیسمبر 2007 م (New 26-F)
حوالہ جات
142۔ لُباب المناسک، باب أنواع الأطوفۃ، فصل فی شرائط صحۃ الطواف، ص110
143۔ لُباب المناسک، فصل فی مکان الطواف، ص113
144۔ المسلک المتقسّط فی المنسک المتوسّط، باب أنواع الأطوفۃ، فصل فی مکان الطواف، ص211
145۔ حیاۃ القلوب فی زیارۃ المحبوب، باب دویم در ذکر صفت دخول مکہ معظمہ، فصل دویم در بیان شرائطِ صحتِ طواف، ص116
146۔ المسلک المتقسّط فی المنسک المتوسّط، باب أنواع الأطوفۃ، فصل فی مکان الطواف، ص211
147۔ لُباب المناسک، باب أنواع الأطوفۃ، فصل فی مستحبّاتہ، ص117