ARTICLESشرعی سوالات

نیپی لگے بچے کا دورانِ طواف پیشاب کرنا

استفتاء : ۔ کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ میاں بیوی طواف کر رہے تھے ان کے ساتھ ان کا چھوٹا بچہ تھا جسے انہوں نے نیپی (Pamper) لگا دی تھی کہ مسجد میں گندگی نہ ہو، دورانِ طواف بچے نے پیشاب کر دیا جو کہ نیپی کے اندر ہی رہا باہر نہ آیا، اب اس صورت میں بچے کو اٹھانے والے پر کچھ لازم آئے گا یا نہیں اور اس کا طواف صحیح ہو گا یا نہیں ؟

(السائل : ایک حاجی ، مکہ مکرمہ)

جواب

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : صورت مسؤلہ میں زیادہ سے زیادہ یہ ہے کہ پیشاب کرنے کے بعد بچے کو اٹھانے والے کی مثال نجاست اٹھانے والے کی سی ہے اور جب طواف کرنے والے کے اپنے کپڑے نجس ہوں اور وہ اسی حالت میں طواف کر لے تو اس کا فعل مکروہ ہوتا ہے مگر اس پر کوئی کفارہ لازم نہیں آتا، چنانچہ امام اہلسنّت امام احمد رضا متوفی 1340ھ لکھتے ہیں : نجس کپڑوں سے طواف مکروہ ہے ، کفارہ نہیں ۔ (283) اور صدر الشریعہ محمد امجد علی متوفی 1367ھ ’’فتاویٰ ہندیہ‘‘ سے نقل کرتے ہیں : نجس کپڑوں میں طواف مکروہ ہے ، کفارہ نہیں (284) لہٰذا صورت مسؤلہ میں اس شخض پر کچھ بھی لازم نہ ہو گا۔اور کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ناسمجھ بچوں کو اپنے ساتھ مسجد میں نہ لے جایا جائے کیونکہ حدیث شریف میں ہے :

’’جَنِّبُوْا مَسَاجِدَکُمْ صَبْیَانَکُمْ‘‘ الخ

یعنی، اپنے بچوں سے اپنی مسجدوں کو بچاؤ۔

واللّٰہ تعالی أعلم بالصواب

یوم الجمعۃ، 16ذوالحجۃ 1427ھ، 5ینایر 2007 م (347-F)

حوالہ جات

283۔ فتاوی رضویہ ، کتاب الحج، جنایات، رسالہ انوار البشارہ فی مسائل الحج، 10/761

284۔ بہار شریعت، جلد (1)، جرم اور ان کے کفارے ، طواف میں غلطیاں ، 1/1177

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Back to top button