نماز میں اپنے دل کی حفاظت کرو، اور اپنے سامنے اپنے مولا عزوجل کو حاضر سمجھ ۔اورجب تم نماز میں کھڑے ہو تو یہ جان لو کہ نمازمیں کس ذات کے سامنے تم کھڑے ہو، اور جب تم نماز میں قرات کرو تو یہ خو ب جان لو کہ تم قرآن مجید کی قراء ت کے ساتھ نماز میں اپنے مولا سے مناجات کر رہے ہو ۔ اور نماز میں اپنے دل کو وسوسوں سے محفوظ رکھو ،اور یوں ہو جاؤ کہ تم عظیم و غالب اور عظمت و جبروت والے بادشاہ کے سامنے کھڑے ہو ۔تو اس بات کو خوب سمجھو کہ نماز میں تم کیا کہہ رہے ہو اور کس کے ساتھ بات کر رہے ہو،اور جب تم نماز میں رکوع کرو تو تم یہ جان لو کہ تمہارا رکوع اللہ عزوجل کے سامنے تواضع و انکساری ہے، اور اسی طرح نماز میں تمہارے سجدہ کا حال ہونا چاہئے ۔ تو تم اپنے جسم کے ساتھ ساتھ اپنے دل کے ساتھ بھی رکوع اور سجدہ کرنے والے بن جاوٌ ۔ اور جتنا ہو سکے تم نماز میں اپنے دل کو غفلت سے محفوظ کرو، ان شاء اللہ تعالیٰ اس سے تمہیں نماز میں اللہ عزوجل کی جانب سے نور اور کامل توجہ نصیب ہوگی ۔ اور ان نصیحتوں کو محفوظ کر لو اور ان کو بجا لانے پرکمر بستہ ہو جاؤ۔
نماز میں بُرے لوگوں کی صحبت سے اجتناب ضروری ہے :۔
اور تم پر لازم ہے اُن بیکار ، بے مقصداورنِکمے دوستوں سے علیحدگی اختیار کرناجو قیل و قال میں بکثرت غورو حوض کرتے ہوں اور ان بے حیا اور فحش کام کرنے والوں سے کنارہ کشی اختیار کر جن کے لئے کوئی بلند ہمت نہیں ہوتی اور نہ ان پر اللہ عزوجل کے خوف کا اثر ظاہر ہوتا ہے ۔ اور تم ان لوگوں سے ایسے بھاگوجیسے تم شیر سے بھاگتے ہو ۔لیکن اللہ عزوجل کے فرمان کے مطابق سلام اور کلام میں ان سے اچھا اور نیک سلوک کرو ۔ اللہ عزوجل کا فرمان ہے :۔
وَاہْجُرْہُمْ ہَجْرًا جَمِیْلاً
(سورۃ المزمل : ١٠)
اور انھیں اچھی طرح چھوڑ دو ۔
اور تقوٰی والوں ، نیز گفتگو میں ،کھانے پینے میں اورپہننے میں احتےاط کرنے والوں کی صحبت اور پسندیدہ اخلاق والوں کی صحبت کو اختےار کرنا تم پر لازم ہے ۔ نیز باقی اصناف ِعالَم میں اہل ِوفا مثلاََ ” فقہاء ، فقراء اور صوفیاء اہل سنت ”جو علم حدیث و اثر پر گامزن ہوتے ہیں ان کی صحبت اختےار کرنا بھی تم پر لازم ہے ۔ لیکن ایسے لوگ بہت کم ہیں ۔
ماخوز از کتاب:۔
عربی نام: مفتاح طریق الاولیاء
مؤلف:امام احمد بن ابراہیم الواسطی الحنبلی (ت:٧١١ھ)۔
اردو نام: آیئے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کریں
مترجم: علامہ مفتی محمد اللہ بخش تونسوی