استفتاء : ۔ کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ محرم نے بھولے سے کپڑے سے منہ صاف کیا اور اس کا کچھ یا پورا منہ کچھ وقت کے لئے چُھپ گیا تو اس صورت میں اس پر کچھ لازم آئے گا یا نہیں ؟ اور اگر ٹشو پیپر وغیرہ سے ناک صاف کرنے کی حاجت پیش آ جائے تو وہ ناک کو کس طرح صاف کرے اور اگر چہرے پر پسینہ شدید ہو تو اُسے ٹشو پیپر وغیرہ سے کیسے صاف کرے ؟
(السائل : C/Oمحمد عارف عطاری، مکہ مکرمہ)
جواب
باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : منہ کی ٹکلی پوری چُھپے یا چوتھائی اگر لگاتار چار پہر ہو تو دم لازم آتا ہے اس سے کم ہو تو صدقہ چنانچہ صدر الشریعہ محمد امجد علی متوفی 1367ھ ’’فتاویٰ عالمگیری‘‘ کے حوالے سے لکھتے ہیں : مرد یا عورت نے مونھ کی ٹکلی ساری یا چہارم چُھپائی یا مرد نے پورا یا چہارم سر چُھپایا تو چار پہر یا زیادہ لگاتار چُھپانے میں دم ہے اور کم میں صدقہ اور چہارم سے کم کو چار پہر تک چُھپایا تو صدقہ ہے اور چار پہر سے کم میں کفارہ نہیں مگر گناہ ہے ۔ (159) اس صورت میں اس نے یا تو پورے یا چوتھائی چہرہ کو چُھپایا ہو گا اور ظاہر ہے کہ چہرہ کا چُھپانا قلیل مُدّت کے لئے پایا گیا اس لئے اس پر صرف صدقہ لازم ہو گا۔ اور اگر چوتھائی چہرہ سے کم چہرہ کو چُھپانا پایا گیا اور مُدّت قلیل ہے تو اس پر صدقہ بھی لازم نہ ہو گا۔ یاد رہے کہ لزومِ جزا میں چہرے کا اپنے فعل سے چُھپنا اور کسی دوسرے کے فعل سے چُھپنا ایک ہی حکم رکھتا ہے ہاں لزومِ گناہ میں دونوں میں فرق ہے کہ پہلی صورت میں میں محظورِ احرام کا مُرتکِب ہونے کی وجہ سے گنہگار ہو گا جب کہ دوسری صورت میں گنہگار نہ ہو گا۔ اور بے خوشبو کے ٹشو پیپر وغیرہ سے بوقت حاجت ناک صاف کرنے میں حرج نہیں جب کہ صاف کرتے وقت ٹشو پیپر چوتھائی چہرے کو نہ چُھپائے تو مُحرِم کو چاہئے کہ ایسی صورت میں کامل احتیاط سے کام لے ٹشو پیپر وغیرہ کو ایک جگہ جمع کر کے تہہ کر لے تاکہ چہرے پر پھیلنے سے چہرہ کے ڈھکنے کا احتمال نہ رہے اور ناک کے اسی مقام پر اُسے لگائے جہاں اس نے صاف کرنی ہے ۔ اسی طرح اگر پسینہ وغیرہ پونچھنے کی حاجت پیش آئے تو بھی ٹشو پیپر کو ہاتھ سے جمع کر کے یکے بعد دیگرے چہرے کے تھوڑے تھوڑے حصے پر مَس کرتا جائے اس طرح وہ پسینے کو خشک کر لے اُسے پھیلا کر پسینے کو صاف نہ کرے کہ اس میں چہرے کا ڈھکنا پایا جائے گا جو کہ احرام کی حالت میں مرد و عورت دونوں کے لئے ممنوع ہے ۔
واللّٰہ تعالی أعلم بالصواب
یوم السبت،25 ذی القعدۃ1427ھ، 16دیسمبر 2006 م (294-F)
حوالہ جات
159۔ بہار شریعت،حج کابیان، جرم اور ان کے کفارے کا بیان، 1/1169