الاستفتاء : کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ اگرکوئی بالغ شخص بہت غریب ہو اور اس نے حج فرض ادانہ کیا ہو لیکن وہ کسی سے قرضہ لے کر مطلق نیت یا فرض حج کی نیت کے ساتھ مناسک حج ادا کرے توکیا ایسے شخص کا فرض حج اداہوگایا نفل؟
جواب
باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : ۔صورت مسؤلہ میں ایسے شخص کا فرض حج اداہوجائے گا۔ چنانچہ علامہ علی بن سلطان محمد قاری حنفی متوفی 1014ھ لکھتے ہیں :
لو تکلف الفقیر وحج ونوی حج الفرض او اطلق ، جاز لہ وسقط عنہ فرضہ۔(82)
اگر کسی فقیر نے کسی طرح فرض حج کی نیت کرکے مناسک حج اداکئے یا مطلق نیت کے ساتھ تواس کے ایسا کرنا جائز ہے اور نہ صرف یہی بلکہ اس سے فرض حج بھی ساقط ہوجائے گا۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
یوم السبت،5رمضان المبارک1440ھ۔11مئی2019م FU-81
حوالہ جات
(82)لباب المناسک وشرحہ المسلک المتقسط فی المنسک المتوسط،باب شرائط الحج،تحت قولہ : السادس : الاستطاعۃ،ص55