طواف میں یہ باتیں مکروہ ہیں
(۳۵) (۱) فضول بات کرنا(۲)،بیچنا(۳) خریدنا (۴)حمد و نعت و منقبت کے سواکوئی شعر پڑھنا (۵) ذکر یا دعایا تلاوت یا کوئی کلام بلند آواز سے کرنا (۶)نا پاک کپڑوں میں طواف کرنا (۷) رمل یا(۸) اضطباع یا(۹) بوسہ ٔسنگ اسود جہاں جہاں ان کا حکم ہے ترک کرنا(۱۰)طواف کے پھیروں میں زیادہ فصل دینا یعنی کچھ پھیرے کرلئے پھر دیر تک ٹھہر گئے یا اور کسی کام میں لگ گئے باقی پھیرے بعد کو کئے ،مگر وضو جاتارہے توکرآئے یا جماعت قائم ہوئی اور اس نے ابھی نماز نہ پڑھی تو شریک ہو جائے بلکہ جنازہ کی نماز میں بھی طواف چھوڑ کر مل سکتا ہے ، باقی جہاں سے چھوڑا تھا آکر پورا کرلے ۔ یو نہی پیشاب پاخانہ کی ضرورت ہو تو چلا جائے وضو کرکے باقی پوراکرے ،ایک طواف کے بعد جب تک اس کی رکعتیں نہ پڑھ لے دوسرا طواف شروع کردیا مگر جب کہ کراہت نماز کا وقت ہو جیسے صبح صادق سے بلندی آفتاب تک یا نماز عصر پڑھنے کے بعد سے غروب آفتاب تک کہ اس میں متعدد طواف بے فصل نمار جائز ہے ۔(۱۱) وقت کراہت نکل جائے تو ہر طواف کیلئے دورکعت اداکرے اور اگر بھول کر ایک طواف کے بعد بغیر نماز پڑھے دوسرا طواف شروع کردیا تو اگر ابھی ایک پھیرا پورا نہ کیا ہو تو چھوڑکر نماز پڑھے اور پورا پھیرا کرلیا ہے تو اس طواف کو پورا کرکے نماز پڑھے (۱۲) خطبہ امام کے وقت طواف کرنا (۱۳) جماعت فرض کے وقت کرنا ہاں اگر خود پہلی جماعت میں پڑ ھ چکا ہے تو باقی جماعتوں کے وقت طواف کرنے میں حرج نہیں اور نمازیوں کے
سامنے گزر بھی سکتاہے کہ طواف بھی نماز ہی کی مثل ہے (۱۴)طواف میں کچھ کھانا (۱۵) پیشاب پاخانہ یا ریح کے تقاضے میں طواف کرنا۔
یہ مسائل کتاب بہار شریعت سے ماخوذ ہیں۔ مزید تفصیل کے لئے اصل کتاب کی طرف رجوع کریں۔