سوال:کسی صحابی کے ساتھ (معاذاللہ)بغض رکھنا کیسا ہے؟
جواب:کسی صحابی کے ساتھ سوء ِ عقیدت بدمذہبی و گمراہی و استحقاقِ جہنم ہے، کہ وہ حضورِ اقدس صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم کے ساتھ بغض ہے، ایسا شخص رافضی ہے، اگرچہ چاروں خلفا کو مانے اور اپنے آپ کو سُنّی کہے، مثلاً حضرت امیر معاویہ اور اُن کے والدِ ماجد حضرت ابو سفیان اور والدہ ماجدہ حضرت ہندہ، اسی طرح حضرت سیّدنا عَمرو بن عاص، و حضرت مغیرہ بن شعبہ وحضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اﷲتعالیٰ عنھم، حتیٰ کہ حضرت وحشی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ جنہوں نے قبلِ اسلام حضرت سیّدنا سید الشہدا حمزہ رضی اﷲتعالیٰ عنہ کو شہید کیا اور بعدِ اسلام اَخبث الناس خبیث مُسَیْلِمَہ کذّاب ملعون کو واصلِ جہنم کیا۔ وہ خود فرمایا کرتے تھے : کہ میں نے خیر النّاس و شر النّاس کو قتل کیا ، اِن میں سے کسی کی شان میں گستاخی گمراہی ہے اور اِس کا قائل رافضی، اگرچہ حضراتِ شیخین رضی اﷲتعالیٰ عنھما کی توہین کے مثل نہیں ہوسکتی، کہ ان کی توہین، بلکہ ان کی خلافت سے انکار ہی فقہائے کرام کے نزدیک کفر ہے۔(سنن الترمذی، کتاب المناقب، باب من سبّ أصحاب النبی صلی اللہ علیہ وسلم، الحدیث3888، ج5، ص463 ٭أسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ، الجزء الخامس، رقم الترجمۃ5442، ص454٭٭فتح القدیر، باب الإمامۃ ،ج1، ص304)