سوال:سب سے پہلے رسول کون ہیں؟
جواب: سب میں پہلے رسول جو کُفّار پر بھیجے گئے حضرت نوح علیہ السلام ہیں۔(صحیح مسلم، کتاب الإیمان، باب أدنی أھل الجنۃ منزلۃ فیہا، الحدیث193، ص122)
اُنھوں نے نو سوپچاس برس ہدایت فرمائی، اُن کے زمانہ کے کفّار بہت سخت تھے، ہر قسم کی تکلیفیں پہنچاتے، استہزا کرتے، اتنے عرصہ میں گنتی کے لوگ مسلمان ہوئے، جب باقیوں کو ملاحظہ فرمایا کہ ہرگز اصلاح پذیر نہیں، ہٹ دھرمی اور کُفر سے باز نہ آئیں گے، مجبور ہو کر اپنے رب کے حضور اُن کے ہلاک کی دُعا کی، طوفان آیا اور ساری زمین ڈوب گئی، صرف وہ گنتی کے مسلمان اور ہر جانور کا ایک ایک جوڑا جو کشتی میں لے لیا گیا تھا، بچ گئے۔(پ20،سورۃ العنکبوت،آیت14٭پ8،سورۃ الأعراف،آیت59تا72٭پ11،سورہ یونس،آیت71تا73 ٭ پ 12،سورہ ہود،آیت25تا47٭پ18، سورۃالمؤمنون،آیت23تا30٭ پ19،سورۃ الشعراء ، آیت 105 تا 122 ٭ پ20،سورۃ العنکبوت،آیت14,15٭پ29، سورہ نوح،آیت1تا28)