سوال:خطبہ میں کتنی چیزیں سنت ہیں؟
جواب:خطبہ میں یہ چیزیں سنت ہیں:(1)خطیب کا پاک ہونا (2)کھڑا ہونا (3)خطبہ سے پہلے خطیب کا بیٹھنا(4)خطیب کا منبر پر ہونا (5)سامعین کی طرف منہ کرنا (6)قبلہ کو پیٹھ کرنا اور بہتر یہ ہے کہ منبر محراب کی بائیں جانب ہو۔(7)حاضرین کا متوجہ بامام ہونا (8)خطبہ سے پہلے اَعُوْذُ بِاللہِ آہستہ پڑھنا(9)اتنی بلند آواز سے خطبہ پڑھنا کہ لوگ سنیں۔ (10)الحمد سے شروع کرنا۔(11)اللہعزوجلکی ثنا کرنا۔ (12) اللہ عزوجلکی وحدانیت اور رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی رسالت کی شہادت دینا۔ (13) حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر درود بھیجنا۔ (14)کم سے کم ایک آیت کی تلاوت کرنا۔ (15)پہلے خطبہ میں وعظ و نصیحت ہونا۔ (16)دوسرے میں حمد و ثنا و شہادت و درود کا اعادہ کرنا۔(17)دوسرے میں مسلمانوں کے لیے دُعا کرنا۔(18)دونوں خطبے ہلکے ہونا۔ (19)دونوں کے درمیان بقدر تین آیت پڑھنے کے بیٹھنا۔ (20)مرد اگر امام کے سامنے ہو تو امام کی طرف منہ کرے اور دہنے بائیں ہو تو امام کی طرف مڑ جائے(21) امام سے قریب ہونا افضل ہے مگر یہ جائز نہیں کہ امام سے قریب ہونے کے لیے لوگوں کی گردنیں پھلانگے، البتہ اگر امام ابھی خطبہ کو نہیں گیا ہے اور آگے جگہ باقی ہے تو آگے جاسکتا ہے اور خطبہ شروع ہونے کے بعد مسجد میں آیا تو مسجد کے کنارے ہی بیٹھ جائے۔ (22) خطبہ سننے کی حالت میں دو زانو بیٹھے جیسے نماز میں بیٹھتے ہیں۔ (الدرالمختار، کتاب الصلاۃ، باب الجمعۃ، ج3، ص23تا26)