سوال:حوض کوثر کے بارے میں کچھ بیان فرمادیں۔
جواب:حوضِ کوثر کہ نبی صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم کو مرحمت ہوا، حق ہے۔(المسندللإمام أحمد بن حنبل،ج4،ص305٭شرح العقائد النسفیۃ، والحوض حق، ص105)
اِس حوض کی مسافت ایک مہینہ کی راہ ہے۔(صحیح البخاری، کتاب الرقاق، باب الحوض، الحدیث6579، ج4، ص267)
اس کے کناروں پر موتی کے قُبّے ہیں، چاروں گوشے برابر یعنی زاویے قائمہ ہیں ،اس کی مٹی نہایت خوشبودار مشک کی ہے، اس کا پانی دُودھ سے زیادہ سفید، شہد سے زیادہ میٹھا اور مشک سے زیادہ پاکیزہ اور اس پر برتن گنتی میں ستاروں سے بھی زیادہ جو اس کا پانی پئے گا کبھی پیاسا نہ ہوگا، اس میں جنت سے دو پر نالے ہر وقت گرتے ہیں، ایک سونے کا، دوسرا چاندی کا۔ (صحیح مسلم، کتاب الفضائل، باب إثبات حوض نبیّنا…الخ،ص 1256تا1260)