سوال:جنت کیا ہے؟
جواب:جنت ایک مکان ہے کہ اﷲتعالیٰ نے ایمان والوں کے لیے بنایا ہے، اس میں وہ نعمتیں مہیا کی ہیں جن کو نہ آنکھوں نے دیکھا، نہ کانوں نے سنا، نہ کسی آدمی کے دل پر ان کا خطرہ گزرا۔ (صحیح مسلم، کتاب الجنۃ وصفۃ نعیمھا وأھلھا، الحدیث2824، ص1615)
جو کوئی مثال اس کی تعریف میں دی جائے سمجھانے کے لیے ہے، ورنہ دنیا کی اعلیٰ سے اعلیٰ شے کو جنت کی کسی چیز کے ساتھ کچھ مناسبت نہیں۔ اگر جنت کی کوئی ناخن بھَر چیز دنیا میں ظاہر ہو تو تمام آسمان و زمین اُس سے آراستہ ہو جائیں اور اگرجنتی کا کنگن ظاہر ہو توآفتاب کی روشنی مٹادے، جیسے آفتاب ستاروں کی روشنی مٹا دیتا ہے۔(سنن الترمذی،کتاب صفۃ الجنۃ، باب ما جاء فی صفۃ أھل الجنۃ، الحدیث2547، ج4، ص241)