بہار شریعت

حقوق کے متعلق مسائل

حقوق کے متعلق مسائل

مسئلہ۱: دومنزلہ مکان ہے اس میں نیچے کی منزل خریدی بالاخانہ عقد میں داخل نہ ہوگا مگر جب کہ جمیع حقوق یاجمیع مرافق یا ہر قلیل وکثیر کے ساتھ خریدا ہو۔(ہدایہ وغیرہ )

مسئلہ۲: مکان کی خریداری میں پاخانہ اگر چہ مکان سے باہر بنا ہواور کنواں اور اس کے صحن میں جو درخت ہوں وہ اور پائین باغ سب بیع میں داخل ہیں ان چیزوں کی بیع نامہ میں صراحت کرنے کی ضرورت نہیں ۔ مکان سے باہر اس سے ملا ہواباغ ہواور چھوٹا ہوتو بیع میں داخل ہے اور مکان سے بڑایا برابر کا ہوتو داخل نہیں جب تک خاص اس کا بھی نام بیع میں نہ لیا جائے ۔( درمختار)

متعلقہ مضامین

مسئلہ۲: مکان سے متصل باہر کی جانب کبھی ٹین وغیرہ کا چھپر ڈال لیتے ہیں جو نشست کے لئے ہوتاہے اگر حقوق ومرافق کے ساتھ بیع ہوئی ہے تو داخل ہے ورنہ نہیں ۔( ہدایہ )

مسئلہ۳: راستہ ٔ خاص اور پانی بہنے کی نالی اور کھیت میں پانی آنے کی نالی اور وہ گھاٹ جس سے پانی آئے گا یہ سب چیزیں بیع میں اس وقت داخل ہوں گی جب کہ حقوق یا مرافق یا ہر قلیل وکثیر کا ذکر ہو۔( درمختار، ردالمحتار)

مسئلہ۴: مکان کا پہلے ایک راستہ تھا اس کو بند کرکے دوسرا راستہ جاری کیا گیا اس کی خریداری میں پہلاراستہ داخل نہیں ہوگا اگرچہ حقوق یا مرافق کالفظ بھی کہا ہو کیونکہ وہ اب اس کے حقوق میں داخل ہی نہیں دوسرا راستہ البتہ داخل ہے ۔( ردالمحتار)

مسئلہ۵: ایک مکان خریدا جس کا راستہ دوسرے مکان میں ہوکر جاتا ہے دوسرے مکان والے مشتری کو آنے سے روکتے ہیں اس صورت میں اگر بائع نے کہہ دیا کہ اس مبیعہکا راستہ دوسرے مکان میں سے نہیں ہے تومشتری کو راستہ حاصل کرنے کا کوئی حق نہیں البتہ یہ ایک عیب ہوگا جس کی وجہ سے واپس کرسکتا ہے ۔ اگر اس کی دیواروں پر دوسرے مکان کی کڑیا ں رکھی ہیں اگروہ دوسرا مکان بائع کا ہے تو حکم دیا جائے گا اپنی کڑیا ں اٹھا لے اورکسی دوسرے کا ہے تویہ مکان کا ایک عیب ہے مشتری کو واپس کرنے کا حق حاصل ہوگا۔( ردالمحتار)

مسئلہ ۶: ایک شخص کے دو(۲) مکان ہیں ایک کی چھت کاپانی دوسرے کی چھت پر سے گزرتا ہے دوسرے مکان کوجمیع حقوق کے ساتھ بیع کیا اس کے بعدپہلے مکان کو کسی دوسرے کے ہاتھ بیع کیا تو پہلا مشتری اپنی چھت پر پانی بہانے سے دوسرے کو روک سکتا ہے اور اگرایک شخص کے دوباغ تھے ایک کا راستہ دوسرے میں ہوکر تھا دوسرا باغ اس نے اپنی لڑکی کے ہاتھ بیع کیا اوریہ شرط رہی کہ حق مروراسکو حاصل رہے گاپھر لڑکی نے اپنا باغ کسی اجنبی کے ہاتھ بیع کیا تویہ اجنبی اس کے باپ کو باغ میں گزرنے سے روک نہیں سکتا ۔( ردالمحتار)

مسئلہ۷: مکان یاکھیت کرایہ پر لیا تو راستہ اور نالی اور گھاٹ اجارہ میں داخل ہیں یعنی اگرچہ حقوق ومرافق نہ کہا ہو جب بھی ان چیزوں پر تصرف کرسکتا ہے وقف ورہن اجارہ کے حکم میں ہیں ۔( ہدایہ ،فتح)

مسئلہ۸: کسی کے لئے اقرار کیا کہ یہ مکان اس کا ہے یا مکان کی وصیت کی یا اس پر مصالحت ہوئی یہ سب بیع کے حکم میں ہیں کہ بغیر ذکر حقوق ومرافق راستہ وغیرہ داخل نہیں ہونگے ۔( درمختار)

مسئلہ ۹: دوشخص ایک مکان میں شریک تھے باہم تقسیم ہوئی ایک کے حصہ کا راستہ یا نالی دوسرے کے حصہ میں ہے اگر بوقت تقسیم حقوق کا ذکر تھا جب تو کوئی حرج نہیں اور ذکر نہ تھا تو دوسرے کو راستہ وغیرہ نہیں ملے گا پھر اگر وہ اپنے حصہ میں نیاراستہ اورنالی وـغیرہ نکال سکتا ہے تو نکال لے اور تقسیم صحیح ہے ورنہ تقسیم غلط ہوئی توڑدی جائے جبکہ تقسیم کے وقت راستہ وغیرہ کا خیال کیا ہی نہ گیاہو ۔( ردالمحتار)

یہ مسائل کتاب بہار شریعت سے ماخوذ ہیں۔ مزید تفصیل کے لئے اصل کتاب کی طرف رجوع کریں۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

یہ بھی پڑھیں:
Close
Back to top button