استفتاء : کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ ایک شخص طائف سے ایا، میقات سے حج افراد کا احرام باندھا اور سیدھا عرفات پہنچا نہ ا س نے طواف قدوم کیا نہ ہی حرم کی حدود میں داخل ہوا، اس صورت میں اس پر کیا لازم ائے گا؟
(السائل : ایک حاجی، از طائف )
جواب
باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب : صورت مسؤلہ میں مذکورہ شخص کا حج درست ہو جائے گا اور اس پر کچھ بھی لازم نہیں ائے گا نہ گناہ اور نہ کفارہ، مفرد بالحج اورقارن کے لئے طواف قدوم سنت موکدہ ہے مگر وہ طواف اس شخص سے ساقط ہو گیا، چنانچہ علامہ ابو الحسن علی بن ابی بکر مرغینانی حنفی متوفی 593ھ لکھتے ہیں :
و اذا لم یدخل المحرم مکۃ و توجہ الی عرفات و وقف بہا سقط عنہ طواف القدوم (146)
یعنی، پس اگر محرم مکہ میں داخل نہ ہوا اور عرفات کی طرف متوجہ ہواا ور وہاں وقوف کیا تو اس سے طواف قدوم ساقط ہو جائے گا۔ ساقط ہونے کا یہ مطلب ہے کہ اس پر اس طواف کی قضاء لازم نہیں کیونکہ یہ طواف افعال حج کی ابتداء میں مشروع کیا گیا ہے جب ا س نے افعال حج کی ابتداء اس کے بغیر کر لی تو اب اسے ادا کرنا سنت نہ رہا، چنانچہ لکھتے ہیں :
لانہ شرع فی ابتدائ الحج علی وجہٍ یترتب علیہ سائر الافعال فلا یکون الاتیان بہ علی غیر ذلک الوجہ سنۃً (147)
یعنی، کیونکہ طواف حج کی ابتداء میں اسی وجہ پر مشروع کیا گیا ہے کہ اس پر حج کے تمام افعال مرتب ہوتے ہیں لہٰذا اسے اس وجہ کے غیر پر لانا (یعنی ادا کرنا) سنت نہیں ہے ۔ اور اس کے ترک پر کچھ لازم نہیں ائے گا، چنانچہ لکھتے ہیں :
و لا شیئ علیہ بترکہ (148)
یعنی، اس طواف کے چھوڑنے سے اس پر کچھ شی لازم نہیں ۔ کیونکہ یہ سنت ہے اور سنت کا یہی حکم ہے ، چنانچہ لکھتے ہیں :
لانہ سنۃ و بترک السنۃ لا یجب الجابر (149)
یعنی، کیونکہ یہ سنت ہے اور سنت کے ترک پر جابر (یعنی کفارہ) واجب نہیں ہوتا۔ اور اگر اس کے پاس وقت تھا پھر نہ ایا تو اسائت کا مرتکب ضرور ہو گا کیونکہ سنت موکدہ کے ترک پر یہی حکم ہے ۔
واللٰہ تعالی اعلم بالصواب
یوم الاحد، 12 ذوالحجۃ 1433ھ، 28 اکتوبر 2012 م 828-F
حوالہ جات
146۔ بدایۃ المبتدی، کتاب الحج، باب الاحرام، فصل : و اذا لم یدخل مکۃ الخ، 1۔2/183
147۔ الھدایۃ، کتاب الحج، باب الاحرام، فصل : فان لم یدخل مکۃ الخ، 1۔2/183
148۔ بدایۃ المبتدی، کتاب الحج، باب الاحرام، فصل : و اذا لم یدخل الخ، 1۔2/183
149۔ الھدایۃ، کتاب الحج، باب الاحرام، فصل، و اذا لم یدخل الخ، 1۔2/183